118
ایران کا امریکی فوجیوں سے متعلق انعامی اعلان، خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی
ایران نے امریکی فوجیوں کو ہلاک یا گرفتار کرکے ایرانی حکام کے حوالے کرنے والے افراد کے لیے 30 ہزار ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے، جس سے خطے میں جاری ایران امریکا کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔ ایرانی فوج کے سربراہ امیر حاتمی کے مطابق امریکی فوجی کو گرفتار یا ہلاک کرکے…
ایران نے امریکی فوجیوں کو ہلاک یا گرفتار کرکے ایرانی حکام کے حوالے کرنے والے افراد کے لیے 30 ہزار ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے، جس سے خطے میں جاری ایران امریکا کشیدگی مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔
ایرانی فوج کے سربراہ امیر حاتمی کے مطابق امریکی فوجی کو گرفتار یا ہلاک کرکے ایرانی حکام کے حوالے کرنے والے شخص کو 30 ہزار ڈالر یا 5 ارب ایرانی تومان انعام دیا جائے گا۔
امیر حاتمی نے دعویٰ کیا کہ اگر یہ کارروائی کسی خاتون کی جانب سے کی گئی تو انعام کی رقم دگنی کردی جائے گی۔ دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق ایرانی فوجی سربراہ نے کہا کہ یہ منصوبہ بڑی تعداد میں لوگوں کی درخواستوں کے بعد تیار کیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران میں امریکی زمینی فوج کی کسی باقاعدہ تعیناتی کی اطلاع نہیں، تاہم اپریل میں ایک امریکی طیارہ گرنے کے بعد امدادی کارروائیوں کے لیے امریکی اہلکار ایران میں داخل ہوئے تھے۔
ایرانی فوجی سربراہ نے امریکا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی افواج کو خلیج، بحیرۂ عمان اور آبنائے ہرمز میں واپس آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے آبنائے ہرمز سے متعلق بیانات کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے پاس اس اہم آبی گزرگاہ کے دفاع کے لیے ضروری فورسز موجود ہیں۔
ایران کا قطر پر پائلٹس کی گرفتاری کا الزام
رپورٹس کے مطابق ایران نے قطر پر 3 ایرانی پائلٹس کو گرفتار کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ پائلٹس مارچ میں قطر میں موجود امریکی اڈے کے خلاف کارروائی کے دوران لاپتہ ہوئے تھے۔
دوسری جانب قطر نے ایرانی پائلٹس کو حراست میں رکھنے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو اپریل میں تلاش اور امدادی کارروائیوں سے متعلق بریفنگ کے لیے دعوت دی گئی تھی، تاہم تہران کی جانب سے اس کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
ایران میں خامنہ ای کے چہلم کی تقریبات
دوسری جانب تہران، قم اور مشہد میں سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے چہلم کی تقریبات بھی جاری ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق موجودہ رہبر اور علی خامنہ ای کے صاحبزادے مجتبیٰ خامنہ ای چہلم کی تقریبات کی سربراہی کریں گے۔








