1 جُمادى الآخرة / November 11

نور میڈیا | شوبز نیوز

پاکستانی معروف اداکارہ اور میزبان مایا خان نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں ان کے پرانے ویڈیو کلپس سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے انہیں ذہنی پریشانی اور ہراسانی کا احساس ہوتا تھا، تاہم اب وہ کسی کو اپنے ذہنی سکون پر اثرانداز ہونے کی اجازت نہیں دیتیں۔

مایا خان کے ماضی کے ٹی وی پروگرامز کی ویڈیوز وقتاً فوقتاً سوشل میڈیا پر گردش کرتی رہتی ہیں۔ حالیہ انٹرویو میں اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ابتدا میں جب کوئی ان کی پرانی ویڈیوز شیئر کرتا تھا تو وہ بے چینی محسوس کرتی تھیں اور انہیں لگتا تھا کہ انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔

اداکارہ کے مطابق وہ سوچتی تھیں کہ آخر ایسا کیوں کیا جا رہا ہے، جبکہ ان واقعات کا ان کی ذہنی صحت پر بھی منفی اثر پڑتا تھا۔

مایا خان کا کہنا ہے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ان کے رویے میں تبدیلی آئی ہے اور اب وہ کسی کو یہ اختیار نہیں دیتیں کہ وہ ان پر حاوی ہو یا ان کا ذہنی سکون متاثر کرے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی ان کا ماضی سامنے لانا یا پرانی ویڈیوز شیئر کرنا چاہتا ہے تو وہ ایسا کرنے کے لیے آزاد ہے، اب انہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔