1 جُمادى الآخرة / November 11

نور میڈیا | اسپورٹس نیوز

سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ نے اپنی خودنوشت کی تشہیر کے لیے ترتیب دیے گئے بک ٹور کے حوالے سے توجہ حاصل کر لی ہے۔ آسٹریلوی میڈیا کی رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ ایک انٹرویو کے بعد بک ٹور منسوخ کر دیا گیا، تاہم کتاب کے پبلشر نے اس کی تردید کر دی ہے۔

رپورٹس کے مطابق عثمان خواجہ ایک انٹرویو کے دوران بال ٹیمپرنگ کے مشہور سینڈ پیپر اسکینڈل سے متعلق سخت سوالات کا سامنا کر رہے تھے، جس کے بعد ان کے بک ٹور کی منسوخی کی خبریں سامنے آئیں۔

دوسری جانب پبلشر کا کہنا ہے کہ بک ٹور مکمل طور پر جاری رہے گا، صرف شیڈول میں معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں اور عثمان خواجہ مزید انٹرویوز بھی دیں گے۔

عثمان خواجہ نے اپنی کتاب کے باب ’’سینڈ پیپر‘‘ میں دعویٰ کیا ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ میں بال ٹیمپرنگ کے معاملے سے کئی افراد آگاہ تھے۔ ڈیوڈ وارنر نے ان کے دعوے کی حمایت کی، جبکہ مچل اسٹارک نے اس مؤقف کی تردید کی ہے۔

کرکٹ آسٹریلیا نے بھی اس معاملے کی دوبارہ تحقیقات نہ کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد یہ تنازع ایک بار پھر زیرِ بحث آ گیا ہے۔