4 رَبيع الأوّل / August 17

آئرلینڈ کی کاؤنٹی کِلڈیر میں موٹروے پر دو گاڑیوں کے درمیان ہولناک تصادم کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار گاڑی غلط سمت سے آنے والی دوسری گاڑی سے ٹکرا گئی۔

حادثے کے نتیجے میں ایک ہی گاڑی میں سوار پانچ نوعمر لڑکے جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس حکام کے مطابق حادثے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں دو خواتین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جبکہ ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شدید زخمی ہیں۔

زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

حکام کے مطابق حادثے کے بعد موٹروے پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی اور امدادی کارروائیوں کے دوران متعلقہ حکام موقع پر موجود رہے۔