7 رَبيع الثاني / September 18

ملتان: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملتان کے نشتر اسپتال میں 100 بستروں پر مشتمل کینسر سینٹر سمیت پیٹ سی ٹی، سائیکلوٹرون اور کینسر کے علاج کے لیے جدید کرائیو ایبلیشن سہولت کا افتتاح کردیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے نشتر اسپتال میں قائم کینسر سینٹر کا دورہ کیا، جہاں صوبائی وزیرِ صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکریٹری سی اینڈ ڈبلیو راجہ جہانگیر نے انہیں منصوبے اور طبی سہولیات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ چین سے لائی گئی جدید کرائیو ایبلیشن مشین کے ذریعے صرف ایک سوئی کی مدد سے کینسر کی رسولیوں کو ختم کرنے کا علاج کیا جاتا ہے۔ اس جدید طریقۂ علاج سے مریضوں کو کینسر کے علاج کی نئی سہولت میسر آئے گی۔

مریم نواز نے کرائیو ایبلیشن مشین کے ذریعے علاج کرانے والی پہلی مریضہ مسرت ارشد سے بھی ملاقات کی۔ کمالیہ سے تعلق رکھنے والی 55 سالہ مسرت ارشد کامیاب علاج پر جذباتی ہوگئیں اور وزیرِ اعلیٰ کے سامنے رو پڑیں۔

وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے مریضہ کو دلاسہ دیا اور کامیاب علاج پر مبارک باد پیش کی۔

اس موقع پر مریم نواز کا کہنا تھا کہ چین سے کینسر کے علاج کے لیے جدید مشین لائی گئی ہے، اب مریضوں کو کینسر کے علاج کے حوالے سے فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔