4 رَبيع الأوّل / August 17

بھارتی اداکارہ اننیا راج 27 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں، ان کے اہلِ خانہ نے اداکارہ کی موت کی تصدیق تقریباً ایک ماہ بعد سوشل میڈیا پر جاری بیان کے ذریعے کی۔

اہلِ خانہ کے مطابق اننیا راج 15 جولائی کی علی الصبح نیند کے دوران انتقال کر گئی تھیں۔ خاندان کا کہنا ہے کہ اداکارہ ایک سال سے زائد عرصے سے جسمانی اور ذہنی مشکلات کا سامنا کر رہی تھیں۔

خاندان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اننیا نے اپنی مشکلات کا بہادری سے مقابلہ کیا اور وہ مضبوط ارادوں کی مالک تھیں۔

اہلِ خانہ نے مداحوں سے اداکارہ کے لیے دعا کی اپیل کرتے ہوئے اس مشکل وقت میں خاندان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی درخواست کی ہے۔

فلمی کیریئر

اننیا راج نے ہندی اور علاقائی فلموں کے ساتھ میوزک ویڈیوز میں بھی کام کیا۔ ممبئی میں پرورش پانے والی اداکارہ نے شوبز کی دنیا میں اپنی شناخت بنانے کے لیے فلموں اور میوزک ویڈیوز کا سہارا لیا۔

انہوں نے 2016 میں فلم ’7 آورز ٹو گو‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھا، جس کے بعد 2017 میں ’دی فائنل ایگزٹ‘ اور 2019 میں ’گھوسٹ‘ میں بھی اداکاری کی۔

اننیا راج نے تیلگو فلموں کے علاوہ تین زبانوں میں بننے والی فلم ’مدراسی گینگ‘ میں بھی کام کیا تھا۔

اداکارہ کے اچانک انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد ان کے مداحوں اور شوبز حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔