118
موسم کی خرابی اور انتظامی مسائل، ملک بھر میں 55 پروازیں تاخیر کا شکار
موسمی اور انتظامی مسائل کے باعث آج ملک کے مختلف ایئرپورٹس سے روانہ اور آنے والی 55 ملکی و غیر ملکی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا، جبکہ متعدد پروازوں میں کئی گھنٹوں کی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔ فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں طوفان بادوباراں کے باعث 16 پروازیں متاثر ہوئیں اور بعض پروازوں…
موسمی اور انتظامی مسائل کے باعث آج ملک کے مختلف ایئرپورٹس سے روانہ اور آنے والی 55 ملکی و غیر ملکی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا، جبکہ متعدد پروازوں میں کئی گھنٹوں کی تاخیر ریکارڈ کی گئی۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق اسلام آباد میں طوفان بادوباراں کے باعث 16 پروازیں متاثر ہوئیں اور بعض پروازوں میں 7 گھنٹے تک تاخیر ہوئی۔
بارش کے باعث کراچی سے اسلام آباد اور اسلام آباد سے کراچی کے درمیان چلنے والی 6 پروازیں بھی متاثر ہوئیں، جن میں ڈیڑھ سے 7 گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی۔
لاہور ایئرپورٹ پر 14 پروازوں میں ایک سے 11 گھنٹے تک تاخیر ہوئی۔ دبئی سے لاہور آنے والی پرواز PA-41 کی آمد میں 11 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔
اسی طرح لاہور سے جدہ جانے والی 2 پروازوں میں تقریباً 10 گھنٹے جبکہ لاہور سے شارجہ جانے والی پرواز میں 11 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔
کوالالمپور سے لاہور آنے والی پرواز بھی ساڑھے 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔
کراچی ایئرپورٹ پر 9 پروازوں کے شیڈول میں ایک سے 3 گھنٹے تک تاخیر ہوئی۔
ملتان ایئرپورٹ سے شارجہ، دبئی اور مدینہ منورہ جانے والی 6 پروازوں میں ایک سے 10 گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی۔
سیالکوٹ سے شارجہ، دبئی اور ابوظبی جانے والی 5 پروازیں بھی متاثر ہوئیں، جن میں ڈھائی گھنٹے تک تاخیر ہوئی۔
موسمی صورتحال کے باعث مسافروں کو ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کے تازہ ترین شیڈول کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔








