118
بھارت میں مندر کے باہر بھگدڑ، 7 افراد ہلاک، متعدد زخمی
بھارتی ریاست بہار میں اشوک دھام مندر کے باہر اچانک ہجوم بے قابو ہونے کے باعث بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ساون کے تیسرے سوموار کی صبح پیش آیا، جب بڑی تعداد میں عقیدت مند پوجا کے لیے اشوک دھام مندر…
بھارتی ریاست بہار میں اشوک دھام مندر کے باہر اچانک ہجوم بے قابو ہونے کے باعث بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ساون کے تیسرے سوموار کی صبح پیش آیا، جب بڑی تعداد میں عقیدت مند پوجا کے لیے اشوک دھام مندر پہنچے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق واقعے کے بعد افسران موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ ہجوم کو قابو کرنے کے اقدامات کی نگرانی کی گئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت 2 ٹرینوں کی آمد کے باعث مندر کے باہر موجود ہجوم میں اچانک غیر معمولی اضافہ ہوگیا۔ اسی دوران ایک جانب نصب رکاوٹ ٹوٹ گئی، جس کے بعد متعدد افراد ایک دوسرے پر گر پڑے اور بھگدڑ مچ گئی۔
حکام کے مطابق متوقع رش کے پیشِ نظر انتظامات کیے گئے تھے، تاہم اچانک بڑھنے والے ہجوم کے باعث صورتحال قابو سے باہر ہوگئی۔ واقعے کے بعد فوری طور پر 10 سے 15 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی ابتدائی رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ جائے وقوع پر بجلی کا کھمبا گرنے سے بعض افراد کو کرنٹ لگا، جس کے بعد افراتفری اور بھگدڑ کی صورتحال پیدا ہوئی۔
حکام کی جانب سے واقعے کی مزید وجوہات اور جانی نقصان سے متعلق تفصیلات جمع کی جا رہی ہیں۔








