118
راولپنڈی اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نشیبی علاقوں میں پانی جمع
راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔ ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی، جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کی سطح 17…
راولپنڈی اور اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی۔
ایم ڈی واسا کے مطابق نالہ لئی کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 20 فٹ تک پہنچ گئی، جبکہ گوالمنڈی پل کے مقام پر پانی کی سطح 17 فٹ ریکارڈ کی گئی۔
صورتِ حال کے پیشِ نظر نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے ہیں اور کناروں پر رہائش پذیر افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
موسلادھار بارش کے باعث پیرودھائی کا علاقہ بھی زیرِ آب آگیا، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب گجرات اور سیالکوٹ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات نے اس سے قبل پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کے چھٹے اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کیا تھا اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی۔
انتظامیہ اور واسا کی جانب سے نالہ لئی اور نشیبی علاقوں کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔








