118
رکنِ قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ انتقال کر گئے، وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ افسوس
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکنِ قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ انتقال کر گئے۔ اہلِ خانہ کے مطابق وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے علیل تھے اور کچھ عرصہ قبل برین ہیمرج کے باعث ان کا آپریشن بھی کیا گیا تھا۔ اہلِ خانہ نے بتایا کہ ملک محمد اقبال چنڑ کی طبیعت مسلسل…
اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکنِ قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ انتقال کر گئے۔ اہلِ خانہ کے مطابق وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے علیل تھے اور کچھ عرصہ قبل برین ہیمرج کے باعث ان کا آپریشن بھی کیا گیا تھا۔
اہلِ خانہ نے بتایا کہ ملک محمد اقبال چنڑ کی طبیعت مسلسل ناساز رہنے کے بعد وہ انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر پر سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
ملک محمد اقبال چنڑ بہاولپور کے حلقہ این اے-168 سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں میں شمار کیے جاتے تھے۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ ملک اقبال چنڑ کی وفات سے مسلم لیگ (ن) ایک مخلص، نظریاتی اور وفادار کارکن سے محروم ہو گئی ہے۔ انہوں نے مرحوم کی سیاسی، سماجی اور عوامی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفاداری، خدمات اور جماعت سے وابستگی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ انہیں ذاتی طور پر ملک محمد اقبال چنڑ کے ساتھ مختلف مواقع پر کام کرنے کا موقع ملا، جہاں انہوں نے اپنی صلاحیتوں، دیانت داری اور عوامی خدمت کے جذبے کا بھرپور مظاہرہ کیا۔
وزیراعظم نے مرحوم کے درجات کی بلندی، اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔








