118
کراچی سمیت سندھ میں بارشوں کی پیشگوئی، محکمۂ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا
کراچی: محکمۂ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دوپہر یا شام سے 3 اگست تک وقفے وقفے سے گرج…
کراچی: محکمۂ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دوپہر یا شام سے 3 اگست تک وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ اس دوران مطلع زیادہ تر ابر آلود رہے گا۔
ماہرینِ موسمیات کے مطابق جنوبی مدھیہ پردیش پر موجود ہوا کا شدید کم دباؤ کمزور ہو کر راجستھان کے قریب واضح کم دباؤ میں تبدیل ہو چکا ہے۔ اس موسمی نظام کے زیرِ اثر بحیرۂ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ بھی شمالی علاقوں پر اثر انداز ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ تھرپارکر، عمرکوٹ، مٹھی، سانگھڑ، حیدرآباد اور دیگر ملحقہ علاقوں میں بھی 3 اگست تک وقفے وقفے سے آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث سکھر، شہید بینظیر آباد، حیدرآباد، بدین، سانگھڑ، خیرپور، مٹیاری، میرپورخاص، عمرکوٹ، ٹنڈو محمد خان اور ٹنڈوالہیار کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ یا پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمۂ موسمیات نے مزید کہا کہ تیز آندھی، موسلادھار بارش اور آسمانی بجلی کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچا سکتی ہے، جبکہ کسانوں کو بھی موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
کراچی کے لیے جاری موسمی رپورٹ کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کم سے کم درجۂ حرارت 29.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس وقت شہر میں سمندری ہوائیں تقریباً 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔








