18 صَفَر / August 01

مسقط: عمان کے ساحل کے قریب ایک آئل ٹینکر پر نامعلوم ہتھیار سے حملہ کیے جانے کی اطلاع سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں جہاز کے انجن روم کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔

برطانوی یو کے میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) کے مطابق یہ واقعہ لیما کے علاقے سے تقریباً 11 ناٹیکل میل شمال مشرق میں پیش آیا۔

ادارے کا کہنا ہے کہ حملے کے باعث آئل ٹینکر کے انجن روم کو نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں جہاز نے عارضی طور پر اپنا کنٹرول کھو دیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں عملے کا کوئی رکن زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی کسی جانی نقصان کی تصدیق ہوئی ہے۔

واقعے کے بعد متعلقہ بحری حکام نے صورتحال کی نگرانی شروع کر دی ہے، جبکہ حملے کی نوعیت اور ذمہ دار عناصر کے تعین کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔