30 صَفَر / August 13

راولپنڈی: پنجاب کے ضلع راولپنڈی کے شہر گوجر خان میں 17 سالہ لڑکی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ گوجر خان کے علاقے سکھو روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں فائرنگ سے لڑکی جاں بحق ہوئی۔ مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔

مقتولہ کے والد نے پولیس کو دی گئی درخواست میں الزام عائد کیا ہے کہ ان کے بیٹے نے فائرنگ کرکے اپنی بہن کو قتل کیا۔

والد کے مطابق مقتولہ نے رواں سال جنوری میں اپنی رخصتی کے روز گھر سے جا کر پسند کی شادی کی تھی اور بعد ازاں اپنے شوہر کے ساتھ کراچی میں رہائش پذیر تھی۔

مقتولہ کے والد کا کہنا ہے کہ ان کا بیٹا چار روز قبل صلح صفائی کے بعد بہن کو کراچی سے واپس گوجر خان لے آیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ بیٹے نے مقتولہ اور اس کے شوہر کے لیے کرائے کا گھر بھی لے کر دیا تھا۔ واقعے کے روز جب وہ بیٹی کو دیکھنے پہنچے تو گھر میں شور شرابا ہو رہا تھا۔

مقتولہ کے والد کے مطابق اسی دوران ان کے بیٹے نے پستول نکال کر بہن پر فائرنگ کردی، جس سے وہ جاں بحق ہوگئی۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے جبکہ ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔