30 صَفَر / August 13

صنعا: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (X) نے یمن کے حوثی گروپ کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع کا اکاؤنٹ معطل کر دیا۔

یحییٰ سریع کے ایکس اکاؤنٹ پر ایک لاکھ 21 ہزار 500 سے زائد فالوورز موجود تھے۔ اکاؤنٹ کھولنے پر اب ’’Account Suspended‘‘ کا نوٹس ظاہر ہو رہا ہے۔

ایکس کی جانب سے اکاؤنٹ معطل کیے جانے کی فوری طور پر کوئی واضح وجہ سامنے نہیں آئی، تاہم پلیٹ فارم کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ قواعد کی خلاف ورزی کرنے والے اکاؤنٹس کو معطل کیا جاتا ہے۔

یحییٰ سریع کا ایکس اکاؤنٹ حوثیوں کی جانب سے بحیرۂ احمر میں حملوں، سعودی عرب اور یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کے خلاف کارروائیوں سے متعلق اعلانات اور بیانات کے لیے استعمال ہوتا تھا۔

اکاؤنٹ کی معطلی کے بعد حوثی گروپ کے اہم سوشل میڈیا ذرائع اور پلیٹ فارم کی پالیسیوں سے متعلق بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔