17 صَفَر / July 31

اسلام آباد: چیئرمین آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نبیل اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کا تعین خام تیل کی قیمتوں کی بنیاد پر نہیں بلکہ سنگاپور کی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے مطابق کیا جاتا ہے۔

یہ بات انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ اجلاس کی صدارت سینیٹر عمر فاروق نے پارلیمنٹ ہاؤس میں کی۔

اجلاس کے دوران وزیرِ پیٹرولیم نے کمیٹی کو بتایا کہ اوگرا عالمی مارکیٹ کے رجحانات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرتا ہے اور اس مقصد کے لیے شفاف فارمولہ اختیار کیا گیا ہے۔

اجلاس میں سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ طریقۂ کار عوام کے لیے "سلو پوائزن” ثابت ہو رہا ہے۔

سینیٹر جان محمد نے کہا کہ عام شہری کے لیے قیمتوں کے تعین کا نظام سمجھنا آسان نہیں، جبکہ بار بار قیمتوں میں تبدیلی سے عوام ذہنی دباؤ کا شکار ہو رہے ہیں۔

دریں اثنا، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے اجلاس میں عدم شرکت پر پاکستان ریفائنری لمیٹڈ (PRL) کے منیجنگ ڈائریکٹر محسن منگی کے خلاف تحریکِ استحقاق لانے کا فیصلہ کیا۔ چیئرمین کمیٹی عمر فاروق نے کہا کہ پی آر ایل کے ایم ڈی نہ فون کا جواب دیتے ہیں اور نہ ہی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کرتے ہیں۔