16 صَفَر / July 30

ڈیرہ اسماعیل خان: خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس لائنز کے مال خانے میں دھماکا ہونے کے نتیجے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کا انچارج زخمی ہوگیا، جبکہ دھماکے سے عمارت کی دیوار اور چھت کو بھی نقصان پہنچا۔

پولیس کے مطابق دھماکے کے باعث مال خانے کی دیوار اور چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ کے انچارج زخمی ہوئے۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا مال خانے میں رکھے گئے ایک دستی بم کے پھٹنے سے ہوا، تاہم واقعے کی اصل وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔

واقعے کے فوراً بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے، جبکہ بم ڈسپوزل اور فرانزک ٹیمیں بھی موقع پر پہنچ گئیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔