16 صَفَر / July 30

کراچی: سندھ میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) 2026 کا انعقاد 16 اگست بروز اتوار کو کیا جائے گا۔ امتحان سکھر آئی بی اے ٹیسٹنگ سروسز (SIBA Testing Services) کے تحت منعقد ہوگا، جس کے لیے صوبے بھر سمیت اسلام آباد میں بھی امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے امتحانی مراکز کراچی، حیدرآباد، جامشورو، لاڑکانہ، سکھر، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد اور اسلام آباد میں قائم کیے گئے ہیں تاکہ امیدواروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔

کراچی میں امتحان این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، حیدرآباد میں پبلک اسکول لطیف آباد، جامشورو میں لیاقت یونیورسٹی آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز (LUMHS)، میرپورخاص میں میر شیر محمد ٹالپر پبلک اسکول، لاڑکانہ میں پولیس ٹریننگ اسکول گراؤنڈ، واگن روڈ، شہید بینظیر آباد میں قائدِ عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جبکہ سکھر میں آئی بی اے پبلک اسکول، اولڈ ایئرپورٹ روڈ میں ہوگا۔

سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق اسلام آباد منتقل ہونے والے سندھ کے رہائشی امیدواروں کے لیے امتحان پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (PNCA) کے ٹیسٹ سینٹر میں لیا جائے گا۔

امتحانی ادارے نے بتایا ہے کہ ایم ڈی کیٹ کا دورانیہ تین گھنٹے ہوگا۔ تمام امیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مقررہ وقت سے پہلے امتحانی مرکز پہنچیں، جبکہ امتحان ختم ہونے سے قبل کسی بھی امیدوار کو امتحانی ہال سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سیبا ٹیسٹنگ سروسز کے مطابق تمام امتحانی مراکز پر والدین کے لیے علیحدہ انتظار گاہیں قائم کی جائیں گی، جبکہ امیدواروں کو امتحانی ہال میں ضروری اسٹیشنری اور پینے کا صاف پانی بھی فراہم کیا جائے گا۔