30 صَفَر / August 13

ٹیکساس: امریکی ریاست ٹیکساس میں امریکی فوج کا اے ایچ-64 اپاچی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں 2 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فورٹ ہُڈ فوجی اڈے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر کو سیلاڈو کے علاقے میں حادثہ پیش آیا۔

حکام کے مطابق مقامی پولیس کو تقریباً رات 1 بج کر 33 منٹ پر سیلاڈو گاؤں کے جنوب میں واقع کھیتوں میں ہیلی کاپٹر کا ملبہ پڑا ہونے کی اطلاع ملی۔

اطلاع ملنے پر امدادی اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے، جہاں ہیلی کاپٹر کے ملبے میں آگ بھی لگی ہوئی تھی۔

فوجی حکام نے حادثے میں دونوں اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر کی سرگرمیوں اور طیارہ گرنے کی وجوہات کے حوالے سے فی الحال مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔