25 صَفَر / August 08

نیویارک: اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے اراکین نے ضلع سوات کے علاقے کبل میں پولیس اسٹیشن کے باہر ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں، حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

سلامتی کونسل کے ترجمان کے مطابق 2 اگست کو ہونے والے دہشت گرد حملے میں کم از کم 16 پاکستانی شہری جاں بحق جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے۔ بیان میں کہا گیا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

سلامتی کونسل نے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔

ترجمان نے زور دیا کہ دہشت گرد حملوں کے منصوبہ سازوں، سہولت کاروں، مالی معاونین اور سرپرستوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

بیان میں تمام رکن ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ بین الاقوامی قانون اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف اقدامات میں حکومتِ پاکستان سے بھرپور تعاون کریں۔