25 صَفَر / August 08

بینکاک: تھائی لینڈ کے صوبہ نونتھابوری کے ضلع بنگ کروئی میں واقع ایک اسکول میں فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں 2 افراد ہلاک جبکہ 15 افراد زخمی ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔

مقامی حکام کے مطابق شبہ ہے کہ حملہ آور ابھی بھی ڈیب سیرِن نونتھابوری اسکول کی عمارت کے اندر موجود ہے، جبکہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسکول کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

حکام نے بتایا کہ ٹیک تُنگ فاؤنڈیشن کے رضاکاروں کو جمعہ کی صبح تقریباً 10 بجے فائرنگ کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور ممکنہ طور پر اسکول کا آٹھویں جماعت کا طالب علم ہے، جس نے خود کو اسکول کی تیسری منزل پر محصور کر رکھا ہے۔

پولیس، طبی عملہ اور دیگر متعلقہ ادارے زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے اور واقعے کی مکمل تحقیقات میں مصروف ہیں، جبکہ حملے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔

یاد رہے کہ رواں سال فروری میں بھی جنوبی تھائی لینڈ کے ہاٹ یائی ضلع میں ایک اسکول پر فائرنگ کے واقعے میں ایک استاد ہلاک اور ایک طالب علم زخمی ہوا تھا۔