25 صَفَر / August 08

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف کے معاونِ خصوصی حذیفہ رحمٰن نے کہا ہے کہ کسی وزیر کے بیان سے حکومتیں نہیں گرتیں اور موجودہ حکومت اپنی آئینی مدت مکمل کرے گی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حذیفہ رحمٰن نے کہا کہ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی اپنے حالیہ بیان کی وضاحت کر چکے ہیں، اس لیے اس معاملے کو مزید طول نہیں دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ محسن نقوی اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان قریبی اور خوشگوار تعلقات ہیں۔

انہوں نے بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایسے مؤقف کی توقع نہیں تھی، تاہم وہ اسے جذباتی بیان سمجھتے ہیں اور اس پر مزید تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔

حذیفہ رحمٰن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن) کی اہم اتحادی ہے، تاہم ان کے مطابق اگر پیپلز پارٹی ساتھ نہ بھی ہو تو مسلم لیگ (ن) کے پاس حکومت برقرار رکھنے کے لیے مطلوبہ عددی اکثریت موجود ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ایک ماہ قبل تمام وفاقی وزارتوں سے کارکردگی رپورٹس طلب کی تھیں تاکہ حکومتی کارکردگی کا مؤثر جائزہ لیا جا سکے۔