118
لاہور ہائی کورٹ کا اہم فیصلہ، بیوی کے قتل کیس میں عمر قید پانے والا ملزم بری
لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے بیوی کے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے ملزم کی اپیل منظور کرتے ہوئے اسے بری کرنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے 19 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں قرار دیا گیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف الزامات ثابت…
لاہور: لاہور ہائی کورٹ نے بیوی کے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا پانے والے ملزم کی اپیل منظور کرتے ہوئے اسے بری کرنے کا حکم دے دیا۔
جسٹس طارق سلیم شیخ نے 19 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں قرار دیا گیا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف الزامات ثابت کرنے کے لیے ٹھوس، قابلِ اعتماد اور ناقابلِ تردید شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق ملزم تنویر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ وقوعے کے وقت وہ ایک پیٹرول پمپ پر اپنی ڈیوٹی انجام دے رہا تھا، اس لیے قتل میں اس کی ملوث ہونے کا الزام درست نہیں۔
ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ دستیاب شواہد کی بنیاد پر ملزم کے خلاف جرم ثابت نہیں ہوتا، لہٰذا اس کی اپیل منظور کرتے ہوئے فوری طور پر رہائی کا حکم دیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ ٹرائل کورٹ نے 2022ء میں ملزم تنویر کو اپنی اہلیہ کے قتل کے جرم میں عمر قید اور 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف اس نے لاہور ہائی کورٹ میں اپیل دائر کی تھی۔








