21 صَفَر / August 04

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں پولیس شہداء کی جرأت، بہادری اور قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی لازوال خدمات پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردی، جرائم اور ملک دشمن عناصر کے خلاف پولیس فورس نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دیے اور دہشت گردوں کے نیٹ ورکس کو ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی حکمرانی اور امن و امان کے قیام کے لیے پولیس کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

صدرِ مملکت نے خصوصاً خیبر پختونخوا اور بلوچستان پولیس کی بہادری اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان صوبوں کے پولیس اہلکاروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے شہدائے پولیس کے اہلِ خانہ کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی فلاح و بہبود ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کی ادائیگی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

صدر آصف علی زرداری نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پولیس فورس کو مزید مؤثر، مضبوط اور جدید بنانے کے لیے بہتر تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور ضروری وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ وہ قومی سلامتی اور عوامی تحفظ کے فرائض مزید بہتر انداز میں انجام دے سکے۔

متعلقہ خبریں