2 رَبيع الثاني / September 13

کراچی کے علاقے کورنگی صنعتی ایریا میں ایک پولیس اہلکار پر خاتون سے مبینہ زیادتی کی کوشش اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

متاثرہ خاتون کی درخواست کے 7 روز بعد مقدمہ درج کیا گیا، تاہم مقدمے میں نامزد پولیس اہلکار تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔

خاتون کے مطابق ملزم پولیس اہلکار تھانہ کورنگی صنعتی ایریا کے شعبہ آئی ٹی میں تعینات ہے اور وہ اس کی اہلیہ کی دوست ہے۔ خاتون کا الزام ہے کہ ملزم اسے دھوکے سے اپنے گھر لے گیا، جہاں اس کی اہلیہ موجود نہیں تھی۔

متاثرہ خاتون کے مطابق گھر میں ملزم نے اسلحے کے زور پر مبینہ زیادتی کی کوشش کی اور بعد ازاں اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ خاتون کا کہنا ہے کہ ملزم نے واٹس ایپ کالز کے ذریعے بھی اسے دھمکایا۔

خاتون نے پولیس پر اپنے ساتھی اہلکار کو بچانے کا الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ کئی روز گزرنے کے باوجود اس کا طبی معائنہ بھی نہیں کرایا گیا۔

دوسری جانب تفتیشی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم سمیت دیگر ملزمان کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ مقدمے میں عائد الزامات کی قانونی طور پر تفتیش کی جا رہی ہے۔