118
ایم ڈی کیٹ 2026 کا امتحان ملتوی، نئی تاریخ 20 ستمبر مقرر، پی ایم ڈی سی کا باضابطہ اعلان
اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحان کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پی ایم ڈی سی کے اعلامیے کے مطابق پہلے 16 اگست 2026ء کو ہونے والا میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج…
اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر ایم ڈی کیٹ 2026 کے امتحان کی تاریخ تبدیل کرتے ہوئے نیا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
پی ایم ڈی سی کے اعلامیے کے مطابق پہلے 16 اگست 2026ء کو ہونے والا میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (MDCAT) اب 20 ستمبر 2026ء کو منعقد ہوگا۔
کونسل کا کہنا ہے کہ امتحان کی تاریخ میں تبدیلی کا مقصد امتحانی عمل کو مزید شفاف، منظم، محفوظ اور امیدواروں کے لیے سہل بنانا ہے تاکہ تمام طلبہ کو بہتر انتظامات کے تحت امتحان دینے کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ امتحان کی تاریخ کے علاوہ تمام شرائط، قواعد و ضوابط اور امتحانی انتظامات بدستور برقرار رہیں گے۔ اگر آئندہ کسی بھی قسم کی تبدیلی کی ضرورت پیش آئی تو اس سے متعلق علیحدہ باضابطہ اطلاع جاری کی جائے گی۔
پی ایم ڈی سی نے امیدواروں، والدین، تعلیمی اداروں اور دیگر متعلقہ فریقین کو ہدایت کی ہے کہ وہ تازہ ترین معلومات اور سرکاری اعلانات کے لیے کونسل کی آفیشل ویب سائٹ اور مستند ذرائع سے مسلسل رابطے میں رہیں۔
کونسل نے امتحان کی تاریخ میں تبدیلی سے ہونے والی ممکنہ پریشانی پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون اور اعتماد پر شکریہ بھی ادا کیا۔








