19 جُمادى الأولى / October 30

نور میڈیا | اسپورٹس نیوز

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور لیجنڈری فاسٹ بولر وقار یونس نے قومی بیٹر بابر اعظم کی حمایت کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ لائن پر سوالات اٹھا دیے۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے بابر اعظم کو پاکستان کا سپر اسٹار قرار دیا اور کہا کہ موجودہ ٹیم میں ان کے علاوہ کوئی ایسا نمایاں بیٹر دکھائی نہیں دیتا جس پر اسی درجے کا اعتماد کیا جا سکے۔

وقار یونس کے مطابق بابر اعظم کے لیے سب سے افسوسناک بات یہ ہے کہ وہ ٹیم میں تنہا ہیں۔ اگر ان کے ساتھ چار سے پانچ بڑے نام بھی موجود ہوتے تو صورتِ حال مختلف ہوتی اور ان پر دباؤ بھی کم ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ جب پوری ٹیم کی امیدیں صرف ایک بیٹر سے وابستہ ہوں تو اس کھلاڑی پر قدرتی طور پر دباؤ بڑھ جاتا ہے۔

سابق فاسٹ بولر نے 1990ء کی دہائی کی پاکستانی ٹیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس دور میں ٹاپ آرڈر کے کئی بیٹرز اپنی الگ پہچان رکھتے تھے اور میچ جتوانے کی صلاحیت رکھتے تھے۔

وقار یونس نے سچن ٹنڈولکر اور ویرات کوہلی کی مثالیں دیتے ہوئے کہا کہ بڑے کھلاڑیوں سے ہر میچ میں بڑی اننگز کی توقع کی جاتی ہے، لیکن چند میچز میں ناکامی پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ان کے مطابق بابر اعظم نے اپنے کیریئر کے آغاز میں شاندار کارکردگی دکھائی، جس کے باعث شائقین کی توقعات بھی بہت بڑھ گئیں۔ تاہم کسی ایک کھلاڑی سے ہر بار بہترین کارکردگی کی امید رکھنا اس پر غیر ضروری دباؤ ڈال سکتا ہے