19 جُمادى الأولى / October 30

نور میڈیا | شوبز نیوز

بالی ووڈ اداکارہ جھانوی کپور نے شیکھر پہاڑیا کے ساتھ اپنے تعلقات اور شادی کے منصوبے سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔ اداکارہ کے مطابق فی الحال ان کا شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

جھانوی کپور نے پروگرام ’کافی ود کرن‘ کے نویں سیزن میں گفتگو کرتے ہوئے شیکھر پہاڑیا کے ساتھ اپنے تعلقات کی تصدیق کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی نجی زندگی کی تفصیلات زیادہ شیئر نہیں کرنا چاہتیں، تاہم اپنے رشتے کو مسلسل چھپانا بھی ضروری نہیں سمجھتیں۔

شادی سے متعلق سوال پر اداکارہ نے واضح کیا کہ وہ آئندہ دو سے تین سال تک شادی کا ارادہ نہیں رکھتیں۔ ان کے مطابق وہ اور شیکھر اپنے تعلقات میں خوش ہیں اور ایک دوسرے کے ساتھ اچھا وقت گزار رہے ہیں۔

جھانوی نے اپنی والدہ اور معروف اداکارہ سری دیوی کے انتقال کے بعد شیکھر کی جانب سے ملنے والی حمایت کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق اس مشکل وقت میں شیکھر لندن میں اپنی تعلیم چھوڑ کر ممبئی واپس آگئے تھے تاکہ ان کا ساتھ دے سکیں۔

واضح رہے کہ جھانوی کپور اور شیکھر پہاڑیا ایک دوسرے کو نوعمری سے جانتے ہیں۔ اداکارہ کے مطابق شیکھر اس وقت سے ان کی زندگی کا حصہ ہیں جب وہ تقریباً 15 سے 16 سال کی تھیں۔