118
یو ایس ایس ابراہم لنکن 250 روز سے سمندر میں، امریکی سینیٹر نے اہلکاروں کی صورتحال پر سوال اٹھا دیا
امریکا: امریکی سینیٹر رچرڈ بلومینتھل نے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور قائم مقام سیکریٹری نیوی ہنگ کاؤ سے طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن پر تعینات اہلکاروں کی صورتحال سے متعلق جواب طلب کرلیا۔ امریکی بحریہ کا طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن 250 سے زائد روز سے مسلسل سمندر…
امریکا: امریکی سینیٹر رچرڈ بلومینتھل نے وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور قائم مقام سیکریٹری نیوی ہنگ کاؤ سے طیارہ بردار بحری جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن پر تعینات اہلکاروں کی صورتحال سے متعلق جواب طلب کرلیا۔
امریکی بحریہ کا طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس ابراہم لنکن 250 سے زائد روز سے مسلسل سمندر میں موجود ہے۔
رچرڈ بلومینتھل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر خط کی کاپی شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ کو وضاحت کرنی چاہیے کہ تقریباً 7 ماہ سے سمندر میں موجود بحری اہلکاروں کی معاونت کے لیے کیا اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
امریکی سینیٹر کے مطابق یو ایس ایس ابراہم لنکن پر تعینات اہلکاروں کو مبینہ طور پر رسد کی کمی، پلمبنگ کے مسائل اور ذہنی صحت سے متعلق مشکلات کا سامنا ہے، جن پر فوری توجہ ضروری ہے۔
رچرڈ بلومینتھل نے وزیرِ دفاع اور نیوی حکام سے جہاز پر موجود اہلکاروں کے حالات اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق وضاحت طلب کی ہے۔
واضح رہے کہ یو ایس ایس ابراہم لنکن کو جنوری کے آخر میں امریکی بحری بیڑے کی تعیناتی میں اضافے کے بعد مسلسل سمندر میں رکھا گیا۔
رپورٹس کے مطابق ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے سے قبل ٹرمپ انتظامیہ نے یو ایس ایس ابراہم لنکن اسٹرائیک گروپ کو جنوبی بحیرۂ چین میں جاری بحری مشقوں سے ہٹا کر مشرقِ وسطیٰ کی جانب روانہ ہونے کا حکم دیا تھا۔








