118
پی ٹی آئی میں اختلافات مزید گہرے، سلمان اکرم راجہ اور مشعال یوسفزئی آمنے سامنے
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں سلمان اکرم راجہ اور مشعال یوسفزئی کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے، دونوں رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے پر سخت الزامات اور جوابی بیانات سامنے آئے ہیں۔ مشعال یوسفزئی کی جانب سے ٹکٹوں کی مبینہ فروخت کے الزام پر ردعمل دیتے ہوئے سلمان اکرم…
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں سلمان اکرم راجہ اور مشعال یوسفزئی کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے، دونوں رہنماؤں کی جانب سے ایک دوسرے پر سخت الزامات اور جوابی بیانات سامنے آئے ہیں۔
مشعال یوسفزئی کی جانب سے ٹکٹوں کی مبینہ فروخت کے الزام پر ردعمل دیتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جن لوگوں کو مقدمہ لڑنے کے لیے کوئی چار آنے نہیں دیتا، وہ گھٹیا الزامات پر اتر آئے ہیں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ مشعال یوسفزئی کو سینیٹر کس نے بنوایا، تاہم اس حوالے سے ہدایات بانی پی ٹی آئی کی جانب سے آئی تھیں۔
انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے پاس مشعال یوسفزئی کو سینیٹ سے فارغ کرنے کا اختیار نہیں، جبکہ انہیں پارٹی سے فارغ نہ کرکے انہوں نے درگزر سے کام لیا۔
دوسری جانب مشعال یوسفزئی نے دعویٰ کیا کہ سلمان اکرم راجہ بانی پی ٹی آئی کے سامنے ایک مرتبہ معافی مانگنے کے بعد دوبارہ بیان بازی کر رہے ہیں۔
مشعال یوسفزئی نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر سلمان اکرم راجہ انہیں پارٹی سے فارغ کر سکتے ہیں تو کرکے دیکھ لیں۔
ادھر پی ٹی آئی رہنما شاندانہ گلزار نے بھی سلمان اکرم راجہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پیسوں سے متعلق غلط بات کی ہے۔
شاندانہ گلزار نے سوال اٹھایا کہ امریکا سے آنے والے کروڑوں روپے کون کھا گیا؟ ان کا کہنا تھا کہ اگر اس معاملے کا پتا چل گیا تو کسی کا کچھ نہیں رہے گا۔
یوں پی ٹی آئی کے اندرونی اختلافات پر رہنماؤں کے درمیان لفظی جنگ مزید شدت اختیار کرتی دکھائی دے رہی ہے۔








