21 صَفَر / August 04

تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ ایران جنگ کو جاری رکھنے یا اس کا دائرہ وسیع کرنے کا خواہاں نہیں، تاہم ملکی سلامتی اور سرحدوں کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران امن اور استحکام کا خواہاں ہے، لیکن اگر ملکی خودمختاری یا سرحدوں کو خطرہ لاحق ہوا تو بھرپور دفاع کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کا انحصار صرف عسکری طاقت پر نہیں بلکہ اندرونی اتحاد، قومی یکجہتی اور مضبوط معاشرتی ڈھانچے پر بھی ہوتا ہے۔

صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ داخلی اختلافات کے خاتمے سے بیرونی مداخلت کے امکانات کم کیے جا سکتے ہیں، اس لیے موجودہ حالات میں قومی اتحاد کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران ایسا مستحکم اور متحد معاشرہ تشکیل دینا چاہتا ہے جہاں دشمن کو انتشار پھیلانے، معاشرتی تقسیم پیدا کرنے یا اندرونی کمزوریوں سے فائدہ اٹھانے کا کوئی موقع نہ مل سکے۔

متعلقہ خبریں