21 صَفَر / August 04

ماسکو: روس کے دارالحکومت ماسکو ریجن میں ڈرون حملے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔ حملے کے بعد متعدد مقامات پر آگ لگ گئی اور اہم تنصیبات کو بھی نقصان پہنچا۔

ماسکو ریجن کے گورنر آندرے وروبیوف نے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا کہ روسی فضائی دفاعی نظام نے صبح کے وقت ہونے والے ڈرون حملے کو بڑی حد تک ناکام بنایا، تاہم بعض ڈرونز کے ملبے سے مختلف علاقوں میں نقصان پہنچا۔

گورنر کے مطابق سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ چیخوف میونسپل ضلع رہا، جہاں نووسیولکی صنعتی زون میں کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔ ہنگامی امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے گودام میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا، تاہم ایک بجلی کے سب اسٹیشن اور ایک انتظامی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سولنیشکووو گاؤں میں گرنے والے ڈرون کے ملبے سے ایک نجی گھر اور ایک گاڑی کو نقصان پہنچا، تاہم اس مقام پر کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

آندرے وروبیوف کے مطابق روسی فوج نے وولوکولامسک، کلین، چیخوف اور سریبریانو پرودسکی اضلاع میں متعدد ڈرونز کو تباہ کیا، جبکہ واقعے کے بعد متاثرہ علاقوں میں امدادی اور سیکیورٹی کارروائیاں جاری ہیں۔

متعلقہ خبریں