17 صَفَر / July 31

تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی مسلح افواج نے کویت میں واقع احمد الجابر امریکی فضائی اڈے پر ڈرون حملہ کر کے اہم امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا ہے۔

ایرانی فوج کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ کارروائی حالیہ امریکی حملوں کے جواب میں کی گئی۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ حملے کا مقصد خطے میں موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنانا تھا۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق فوجی بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ڈرون حملوں میں لڑاکا طیاروں کے ہینگرز، سیٹلائٹ مواصلاتی نظام اور فوجی ساز و سامان کے گوداموں کو ہدف بنایا گیا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ حملہ جزیرہ قشم میں ایک رہائشی مکان پر ہونے والے مبینہ امریکی حملے کے ردعمل میں کیا گیا۔

ایرانی فوج کے مطابق کویت میں واقع احمد الجابر فضائی اڈہ خطے میں امریکی فضائی نگرانی اور عسکری کارروائیوں کے لیے ایک اہم مرکز کی حیثیت رکھتا ہے۔

تاہم خبر فائل کیے جانے تک امریکا یا کویت کی جانب سے ایران کے اس دعوے کی باضابطہ تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔