27 رَبيع الثاني / October 08

سری لنکا کے ٹیسٹ کپتان دھننجایا ڈی سلوا نے ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کر دیا ہے، تاہم وہ بطور کھلاڑی ٹیم کے لیے دستیاب رہیں گے۔

سری لنکن کرکٹ کے مطابق دھننجایا ڈی سلوا نے سلیکشن کمیٹی کو خط کے ذریعے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت اگلی نسل کو منتقل کی جائے۔

دھننجایا ڈی سلوا کے کپتانی سے مستعفی ہونے کے بعد سری لنکا کی ٹیسٹ ٹیم کے لیے نئے کپتان کی تقرری کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔ سری لنکن میڈیا کے مطابق کوشل مینڈس کو عبوری کپتان مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

سری لنکن کرکٹ نے دھننجایا ڈی سلوا کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کے کیریئر کے باقی حصے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

دھننجایا ڈی سلوا کے کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سری لنکا کو اگلے ماہ پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلنی ہے۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ 17 سے 21 نومبر تک قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

سری لنکن کرکٹ کی جانب سے ٹیسٹ سیریز کے لیے نئے کپتان اور اسکواڈ کا باضابطہ اعلان بھی متوقع ہے۔