7 جُمادى الآخرة / November 17

نور میڈیا | اسپورٹس نیوز

بھارت کے سابق کپتان کپل دیو نے ویرات کوہلی کی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوہلی کو اپنے اس فیصلے پر 10 سال بعد پچھتاوا ہو سکتا ہے۔

کپل دیو کے مطابق مئی 2025ء میں ٹیسٹ کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ ویرات کوہلی کی بڑی غلطیوں میں سے ایک تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ کوہلی کی فٹنس اب بھی بہترین ہے اور وہ 25 سالہ کرکٹر کو بھی فٹنس کے معاملے میں چیلنج کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غصے میں آ کر ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنا مناسب نہیں۔ کھلاڑیوں کو سابق بھارتی کرکٹر موہندر امرناتھ کی مثال سے سیکھنا چاہیے، جنہیں کئی مرتبہ ٹیم سے ڈراپ کیا گیا، لیکن انہوں نے واپسی کرکے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

کپل دیو نے روہت شرما کے مستقبل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ سلیکٹرز پر چھوڑ دینا چاہیے۔ روہت شرما نے ملک کے لیے بہت خدمات انجام دی ہیں، تاہم کوئی بھی کھلاڑی ہمیشہ کرکٹ نہیں کھیل سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ سنیل گواسکر، سچن ٹنڈولکر، انیل کمبلے، روی چندرن ایشون اور مہندر سنگھ دھونی جیسے عظیم کھلاڑی بھی ایک دن کرکٹ سے رخصت ہوئے، کیونکہ ہر کھلاڑی کو بالآخر کھیل چھوڑنا پڑتا ہے۔