0
عامر سہیل کا نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ، محسن نقوی کے اقدامات کی تعریف
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قومی کرکٹ اور نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے جاری اقدامات، جدید سہولتوں اور تربیتی پروگرامز کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران عامر سہیل نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں…
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عامر سہیل نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی دعوت پر لاہور میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قومی کرکٹ اور نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے جاری اقدامات، جدید سہولتوں اور تربیتی پروگرامز کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران عامر سہیل نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جاری ترقیاتی کاموں اور ہائی پرفارمنس پروگرامز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے انہیں انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 پروگرامز سمیت نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت اور ترقی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
سابق کپتان نے اکیڈمی میں دستیاب جدید سہولتوں کا جائزہ لینے کے ساتھ زیرِ تعمیر بائیو مکینیکس لیب بھی دیکھی۔ انہوں نے بائیو مکینیکس لیب کو کھلاڑیوں کی تکنیکی خامیوں کی نشاندہی اور انہیں دور کرنے کے لیے اہم سہولت قرار دیا۔
عامر سہیل نے کہا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کی بہتر تربیت کے لیے اب جدید سہولتیں دستیاب ہیں۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں کی ترقی اور جدید انفرااسٹرکچر کی فراہمی کے لیے سرمایہ کاری ایک خوش آئند اقدام ہے، تاہم اس سرمایہ کاری کے مثبت نتائج کھلاڑیوں کی کارکردگی میں بھی نظر آنے چاہئیں۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرکٹ کی بہتری اور کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے وسائل فراہم کرنے کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید انفرااسٹرکچر کے ساتھ ساتھ تربیت فراہم کرنے والے ماہر افراد کا اپنے اپنے شعبوں میں تجربہ اور مہارت رکھنا بھی انتہائی ضروری ہے۔
سابق کپتان نے نوجوان کھلاڑیوں کی ترقی کے لیے انڈر 15، انڈر 17 اور انڈر 19 پروگرامز کو بھی حوصلہ افزا قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کی مضبوط بنیاد رکھنے کے لیے کلب اور اسکول کرکٹ پر مسلسل توجہ دینا ضروری ہے۔
عامر سہیل نے اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ کے آغاز کو بھی مثبت قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے اسکولوں میں سال بھر کرکٹ کی سرگرمیاں جاری رہنی چاہئیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید سہولتوں اور بہتر تربیتی پروگرامز سے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور پاکستان کرکٹ کے مستقبل کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی۔














