21 صَفَر / August 04

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر میں کسی اتحادی جماعت کی محتاج نہیں اور انتخابات کے بعد اپنی حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہوگی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات کے اگلے مرحلے میں 10 میں سے 7 نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات شفاف اور منصفانہ انداز میں منعقد ہوئے، جس کا علم پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بھی ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ پیپلز پارٹی نے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں بھی پروپیگنڈا کیا، تاہم ان کے بقول تیسرے مرحلے کے نتائج سامنے آنے کے بعد اپوزیشن جماعتیں بھی انتخابی نتائج کو تسلیم کر لیں گی۔

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں اور کارکردگی کی بنیاد پر آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، اسی لیے جماعت آزاد کشمیر میں اپنی حکومت تشکیل دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق سوال پر انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے کسی بھی اجلاس میں اس معاملے پر کوئی باضابطہ فیصلہ یا واضح مؤقف اختیار نہیں کیا گیا، اور فی الحال یہ موضوع پارٹی کے ایجنڈے میں شامل نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 1973ء کا آئین اور پارلیمانی جمہوری نظام ملک کے لیے مؤثر اور مضبوط نظام ہے۔ ان کے مطابق مسئلہ آئین یا نظام میں نہیں بلکہ اس پر عملدرآمد میں ہے، اور اگر آئین پر دیانتداری سے عمل کیا جائے تو یہی نظام ملک کو بہتر انداز میں آگے لے جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں