16 صَفَر / July 30

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے 4 اکتوبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے میں بانیٔ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے دائمی وارنٹِ گرفتاری جاری کر دیے۔

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کیس کی سماعت کے دوران پولیس کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد دونوں ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کا حکم جاری کیا۔ عدالت نے ان کی جائیدادوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔

عدالتی کارروائی کے دوران پولیس نے مؤقف اختیار کیا کہ اشتہاری قرار دینے سے متعلق قانونی کارروائی مکمل کر لی گئی ہے، جس کے بعد رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔ رپورٹ کی بنیاد پر عدالت نے دونوں بہنوں کو باقاعدہ طور پر اشتہاری قرار دے دیا۔

واضح رہے کہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف 4 اکتوبر کے احتجاج سے متعلق مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج ہے، جس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی عدالت میں جاری ہے۔

عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت پر مزید قانونی کارروائی کیے جانے کا امکان ہے۔