17 صَفَر / July 31

اوٹاوا: کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، جبکہ ایک کینیڈین فضائی کمپنی نے پاکستان کے لیے ہفتے میں پانچ براہِ راست پروازیں شروع کرنے کے حوالے سے رابطہ کیا ہے۔

ہائی کمشنر محمد سلیم نے یہ بات کینیڈا کی پاکستانی نژاد رکن پارلیمنٹ اقراء خالد کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیے گئے استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے بتایا کہ کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند کا حالیہ دورۂ پاکستان انتہائی مثبت اور کامیاب رہا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔

محمد سلیم کے مطابق آئندہ سال پاکستان کے اعلیٰ سطحی وفود بھی کینیڈا کا دورہ کریں گے، جن میں نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار بھی شامل ہوں گے۔

تقریب میں پاکستانی نژاد کینیڈین ارکانِ پارلیمنٹ اسلم رانا اور سمیر زبیری، قونصل جنرل خلیل باجوہ، ڈپٹی قونصل جنرل محمد حسن اور لبرل پارٹی کے صوبائی صدر قیصر ڈار سمیت دیگر شخصیات نے بھی شرکت کی۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈا میں پاکستانی ٹیکسٹائل، چمڑے اور دیگر برآمدی مصنوعات کو خاصی پذیرائی حاصل ہے، جبکہ ٹورنٹو میں پاکستانی قونصل خانے کو نئی عمارت میں منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں پاکستانی کمیونٹی کے لیے قونصلر خدمات کا باقاعدہ آغاز بھی ہو چکا ہے۔

تقریب کے اختتام پر ہائی کمشنر محمد سلیم نے نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار کی جانب سے کینیڈین ارکانِ پارلیمنٹ کو پاکستانی آم بطور تحفہ پیش کیے۔