116
جان کو لاحق خطرات کے باوجود دسمبر تک وطن واپسی کے لیے پُرعزم ہوں، شیخ حسینہ
ڈھاکا: بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنی جان کو لاحق خطرات کے باوجود دسمبر تک وطن واپسی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر ممکن خطرے کے باوجود اپنے عوام کے درمیان واپس جانا چاہتی ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو ای میل کے ذریعے دیے گئے…
ڈھاکا: بنگلادیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد نے اپنی جان کو لاحق خطرات کے باوجود دسمبر تک وطن واپسی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہر ممکن خطرے کے باوجود اپنے عوام کے درمیان واپس جانا چاہتی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو ای میل کے ذریعے دیے گئے انٹرویو میں شیخ حسینہ واجد نے کہا کہ انہیں معلوم ہے کہ وطن واپسی پر انہیں قتل بھی کیا جا سکتا ہے یا گرفتار کر کے جیل بھیجا جا سکتا ہے، تاہم وہ اپنے فیصلے پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا، "میں اپنے ممکنہ انجام سے پوری طرح واقف ہوں، لیکن پھر بھی وطن واپس جانا چاہتی ہوں، کیونکہ میرے لوگ مجھے پکار رہے ہیں۔”
شیخ حسینہ کا کہنا تھا کہ وہ اپنے ملک اور عوام کو مشکل حالات میں تنہا نہیں چھوڑنا چاہتیں اور ہر قسم کے خطرات کے باوجود وطن واپسی کے لیے پُرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس بنگلادیش میں حکومت مخالف پُرتشدد مظاہروں کے بعد شیخ حسینہ ملک چھوڑ کر بھارت منتقل ہو گئی تھیں۔ ان کے خلاف بنگلادیش میں متعدد مقدمات درج ہیں اور عدالتی کارروائیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ ان کے خلاف عدالتی فیصلے سامنے آئے ہیں، تاہم ان مقدمات کی قانونی حیثیت اور آئندہ پیش رفت پر عالمی سطح پر بھی گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔








