119
ممبئی: امیشا پٹیل کے گھر مبینہ چوری، قیمتی زیورات غائب
بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل کے ممبئی میں واقع گھر سے مبینہ طور پر قیمتی زیورات چوری ہوگئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے چرچ گیٹ کے علاقے میں واقع اداکارہ کے گھر سے تقریباً 5 لاکھ بھارتی روپے مالیت کے زیورات غائب ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ممبئی پولیس کے مطابق امیشا پٹیل…
بالی ووڈ اداکارہ امیشا پٹیل کے ممبئی میں واقع گھر سے مبینہ طور پر قیمتی زیورات چوری ہوگئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی کے چرچ گیٹ کے علاقے میں واقع اداکارہ کے گھر سے تقریباً 5 لاکھ بھارتی روپے مالیت کے زیورات غائب ہونے کی اطلاع ملی ہے۔
ممبئی پولیس کے مطابق امیشا پٹیل کے والدین اس گھر میں رہائش پذیر ہیں، جبکہ مبینہ چوری کے الزام میں ایک گھریلو ملازمہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمہ کی شناخت 40 سالہ سیما گھاٹے کے نام سے ہوئی ہے، جو گزشتہ ڈیڑھ سال سے اداکارہ کے والدین کے گھر میں ملازمہ کے طور پر کام کر رہی تھی۔
اداکارہ کی والدہ آشا پٹیل کی شکایت پر میرین ڈرائیو پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کیں۔ پولیس کے مطابق آشا پٹیل کو سیما گھاٹے پر چوری میں ملوث ہونے کا شبہ تھا اور وہ کئی ماہ تک مبینہ طور پر اس سے زیورات واپس کرنے کا مطالبہ کرتی رہیں۔
زیورات واپس نہ ملنے پر آشا پٹیل نے پولیس سے رجوع کیا، جس کے بعد ملزمہ کو حراست میں لے کر گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے ملزمہ کو عدالت میں پیش کیا، جہاں اسے 15 ستمبر تک پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔








