118
سندھ ہائی کورٹ کا شازیہ مری کی مبینہ جعلی ڈگری کیس میں اہم فیصلہ، نااہلی کی درخواست مسترد
کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے رکنِ قومی اسمبلی شازیہ مری کے خلاف مبینہ جعلی ڈگری کی بنیاد پر نااہلی کی درخواست 13 سال بعد فیصلہ سناتے ہوئے مسترد کر دی۔ عدالت نے درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے قرار دیا کہ آئین کے تحت کسی رکنِ پارلیمنٹ کو نااہل قرار دینے کا اختیار ہائی…
کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے رکنِ قومی اسمبلی شازیہ مری کے خلاف مبینہ جعلی ڈگری کی بنیاد پر نااہلی کی درخواست 13 سال بعد فیصلہ سناتے ہوئے مسترد کر دی۔
عدالت نے درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے قرار دیا کہ آئین کے تحت کسی رکنِ پارلیمنٹ کو نااہل قرار دینے کا اختیار ہائی کورٹ کے پاس نہیں ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق اسی نوعیت کا اعتراض 2018ء کے عام انتخابات کے دوران الیکشن ٹربیونل کے سامنے بھی اٹھایا گیا تھا، جبکہ الیکشن کمیشن نے 2022ء میں شازیہ مری کی ڈگری سے متعلق اعتراض مسترد کر دیا تھا۔
فیصلے میں بتایا گیا کہ الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیل 2023ء میں واپس لینے کے باعث خارج کر دی گئی تھی۔
شازیہ مری کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ڈگری سے متعلق معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے شواہد کے ساتھ پیش کیا جا چکا ہے اور الیکشن کمیشن پہلے ہی اس حوالے سے درخواست مسترد کر چکا ہے۔
سندھ ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ کسی شخص کو آئینی طور پر نااہل قرار دینے کے لیے محض آئینی درخواست کافی نہیں، جبکہ کسی رکنِ پارلیمنٹ کی اہلیت یا نااہلی کا فیصلہ متعلقہ قانونی فورم اور آئینی طریقہ کار کے مطابق کیا جاتا ہے۔
عدالت نے سپریم کورٹ کے سابقہ احکامات کی روشنی میں درخواست کو ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دیا۔








