119
امریکا ایران کشیدگی، خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کے قریب
امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کی اہم حد کے قریب پہنچ گئی۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کو ابتدائی کاروبار کے دوران خام تیل کی قیمت…
امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ جاری ہے، جبکہ برینٹ خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل کی اہم حد کے قریب پہنچ گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بدھ کو ابتدائی کاروبار کے دوران خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 1.6 فیصد اضافے کے بعد 99.49 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت 1.72 فیصد اضافے کے بعد 94.63 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر تیل کی رسد میں ممکنہ خلل کے خدشات بڑھ گئے ہیں، جس کے نتیجے میں خام تیل کی قیمتوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اگست کے آغاز سے اب تک برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 25 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔
رپورٹس کے مطابق تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی بڑی وجہ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی ہے۔ امریکا کی جانب سے ایرانی ٹینکروں کو نشانہ بنانے کے بعد ایران نے بھی خلیج میں امریکی فوجی تنصیبات پر حملے کیے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔
ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں صورتحال مزید خراب ہونے کی صورت میں عالمی تیل کی سپلائی اور قیمتوں پر اضافی دباؤ پڑ سکتا ہے۔








