0
شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 9 دہشت گرد ہلاک
شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پلنگ زئی، ندیم کوٹ اور کوٹ خضری کے علاقوں میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت…
شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پلنگ زئی، ندیم کوٹ اور کوٹ خضری کے علاقوں میں انٹیلیجنس معلومات کی بنیاد پر کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
کارروائی کے نتیجے میں 9 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں ممکنہ خطرات کے خاتمے اور دہشت گردوں کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیوں کے لیے سرچ آپریشن بھی جاری رکھا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پلنگ زئی، ندیم کوٹ اور کوٹ خضری میں مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ یہ کامیاب کارروائیاں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاست کے غیر متزلزل عزم کی عکاس ہیں۔ پاک فوج کے افسران اور جوان پائیدار امن کے قیام کے لیے قابلِ تحسین خدمات انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور ملک میں امن و استحکام کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
دوسری جانب وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بھی سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سیکیورٹی ادارے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کر رہے ہیں۔














