119
ایک سال تک بینائی سے محروم رہا: ایچ ایس وائی کا انکشاف
پاکستانی فیشن انڈسٹری کے معروف ڈیزائنر اور اداکار حسن شہریار یاسین المعروف ایچ ایس وائی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ تقریباً ایک سال تک دونوں آنکھوں کی بینائی سے مکمل طور پر محروم رہے۔ ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ایچ ایس وائی نے بتایا کہ رمضان کے دنوں میں وہ اپنے ایک…
پاکستانی فیشن انڈسٹری کے معروف ڈیزائنر اور اداکار حسن شہریار یاسین المعروف ایچ ایس وائی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ تقریباً ایک سال تک دونوں آنکھوں کی بینائی سے مکمل طور پر محروم رہے۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ایچ ایس وائی نے بتایا کہ رمضان کے دنوں میں وہ اپنے ایک دوست کے ہمراہ افطاری کا کھانا لینے گئے تھے۔ واپسی پر گاڑی ان کا دوست چلا رہا تھا کہ اسی دوران اذان ہوگئی۔
ایچ ایس وائی کے مطابق انہوں نے گاڑی میں موجود کھانے کا بیگ کھولا تو اس میں سے نکلنے والی شدید بھاپ کے باعث گاڑی کے اندر کا منظر دھندلا ہوگیا۔ ان کے دوست نے گاڑی کے شیشے صاف کرنے کی کوشش کی، تاہم اسی دوران گاڑی سڑک سے اتر کر حادثے کا شکار ہوگئی۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کے دوران وہ ونڈ اسکرین سے ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں ان کی دونوں آنکھوں کی بینائی متاثر ہوگئی۔
ایچ ایس وائی کا کہنا تھا کہ اچانک بینائی سے محرومی کا تجربہ ان کے لیے انتہائی مشکل تھا اور اس دوران وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہے۔ بینائی ختم ہونے کے بعد انہیں روزمرہ زندگی میں اپنے دیگر حواس پر زیادہ انحصار کرنا پڑا۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران ان کی سماعت بھی غیر معمولی طور پر حساس ہوگئی تھی اور وہ اپنی والدہ کے رونے کی آواز کئی کمروں کے فاصلے سے سن لیتے تھے۔
فیشن ڈیزائنر کے مطابق تقریباً ایک سال تک ان کی بینائی متاثر رہی، تاہم بعد میں علاج اور متعدد سرجریز کے بعد ان کی بینائی واپس آگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تجربے نے زندگی کو دیکھنے اور محسوس کرنے کے ان کے انداز پر گہرا اثر ڈالا۔








