119
علیمہ خان کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
لاہور ہائی کورٹ نے علیمہ خان اور ان کے ڈرائیور کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جسٹس عبہر گل نے علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا متعلقہ اتھارٹی…
لاہور ہائی کورٹ نے علیمہ خان اور ان کے ڈرائیور کی نظر بندی کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
جسٹس عبہر گل نے علیمہ خان کے بیٹے شاہ ریز کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ دورانِ سماعت عدالت نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا متعلقہ اتھارٹی سے رجوع کیا گیا ہے؟
وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ علیمہ خان کا معاملہ دیگر کیسز سے مختلف ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیس کو مختلف قرار دینے کی وجہ کیا ہے؟
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جس روز ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اسی روز نظر بندی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ وکیل کے مطابق اس صورتحال سے بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ پہلے گرفتاری عمل میں لائی گئی اور بعد میں ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کا اجلاس ہوا۔
جسٹس عبہر گل نے ریمارکس دیے کہ عدالت اس معاملے کا جائزہ لے گی، تاہم فی الحال درخواست کے قابلِ سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب راولپنڈی کی انسدادِ دہشت گردی عدالت میں علیمہ خان کے خلاف 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق مقدمے کا ٹرائل بھی مکمل ہوگیا۔
عدالت نے فریقین کے حتمی دلائل کے بعد مقدمے کا فیصلہ محفوظ کر لیا، جو جمعے کو سنایا جائے گا۔
سماعت کے دوران علیمہ خان کے وکیل حتمی دلائل کے لیے عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ وکیل کی جانب سے علیمہ خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، جسے عدالت نے آج کے لیے منظور کر لیا۔








