119
پاکستان پہلے سے بہتر معاشی پوزیشن میں ہے: وزیر خزانہ
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورتحال پہلے کے مقابلے میں بہتر ہوئی ہے اور معاشی بہتری کا سلسلہ رواں مالی سال میں بھی جاری ہے۔ ’لیڈرز اِن اسلام آباد بزنس سمٹ‘ سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری آئی…
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی صورتحال پہلے کے مقابلے میں بہتر ہوئی ہے اور معاشی بہتری کا سلسلہ رواں مالی سال میں بھی جاری ہے۔
’لیڈرز اِن اسلام آباد بزنس سمٹ‘ سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں بہتری آئی ہے، جبکہ ترسیلاتِ زر میں اضافے سے کرنٹ اکاؤنٹ کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ ان کے مطابق آئی ٹی برآمدات میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان امداد پر مبنی تعلقات سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب منتقل ہو رہا ہے، جبکہ دوطرفہ شراکت داروں کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری روابط میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے بتایا کہ برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور برآمد کنندگان کو 4.5 فیصد کی شرح پر ری فنانس کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ پالیسی ریٹ 11.5 فیصد ہے۔
محمد اورنگزیب کے مطابق روایتی برآمدی شعبوں کو مزید مسابقتی بنانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال پاکستان کی جی ڈی پی نمو تقریباً 3.7 فیصد رہی، جبکہ اسٹیٹ بینک نے رواں مالی سال جی ڈی پی نمو 3.5 سے 4.5 فیصد رہنے کا تخمینہ دیا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان پائیدار معاشی ترقی کے ماڈل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان کے مطابق 3 ارب ڈالر کے بانڈ کا اجراء بھی ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے ذریعے پاکستان نے تقریباً چار سال بعد عالمی کیپٹل مارکیٹس تک دوبارہ رسائی حاصل کی۔
انہوں نے بتایا کہ بانڈ کے اجراء کے لیے موصول ہونے والے آرڈرز مطلوبہ حجم سے تقریباً دگنے رہے، جبکہ ایشیائی سرمایہ کاروں نے بھی اس میں شرکت کی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا معیار بھی آرڈر بک کے حجم جتنا اہم ہے اور ایشیائی سرمایہ کاروں کی شرکت پاکستان کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے۔








