7 رَبيع الثاني / September 18

وفاقی وزیرِ بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ عالمی سطح پر تقریباً 900 بندرگاہوں کی درجہ بندی میں پاکستان 34ویں نمبر پر آگیا ہے، جبکہ کراچی پورٹ کی عالمی بحری رابطہ کاری میں بھی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایک بیان میں جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ کراچی پورٹ کا پورٹ لائنر شپنگ کنیکٹیویٹی انڈیکس (PLSCI) اسکور 343 تک پہنچ گیا ہے، جو ان کے مطابق عالمی تجارتی نظام کے ساتھ پاکستان کے بحری رابطوں میں بہتری کی نشاندہی کرتا ہے۔

وفاقی وزیر کے مطابق پورٹ لائنر شپنگ کنیکٹیویٹی انڈیکس دنیا بھر کی تقریباً 900 بندرگاہوں کے اعداد و شمار پر مبنی ہے، جس کے تحت پاکستان کی عالمی درجہ بندی 34ویں نمبر پر آگئی ہے۔

جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ کراچی پورٹ کی بہتر بحری رابطہ کاری سے برآمد کنندگان کے لیے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے، جبکہ اس سے پاکستان کی عالمی تجارت کے ساتھ روابط مزید مستحکم ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بندرگاہوں کی ترقی اور تجارتی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔