119
وزیرِ اعظم شہباز شریف کی بارش میں ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مؤثر اقدامات کی ہدایت کردی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام…
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بارشوں کے دوران رابطہ سڑکوں اور پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو مؤثر اقدامات کی ہدایت کردی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف سے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ملاقات کی، جس کے دوران انہیں ممکنہ سیلابی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے پیشگی انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔
ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے دوران عوام کو بروقت امداد اور ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
انہوں نے امدادی سامان کی ترسیل کے حوالے سے متعلقہ محکموں کے ساتھ روابط مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی تاکہ ضرورت مند علاقوں تک امدادی اشیا بروقت پہنچائی جا سکیں۔
وزیرِ اعظم نے این ڈی ایم اے کو صوبائی اداروں اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (پی ڈی ایم ایز) کے ساتھ مؤثر رابطہ برقرار رکھنے کی بھی ہدایت کی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ متعلقہ ادارے مون سون سیزن کے دوران صورتِ حال کی مؤثر نگرانی کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق ہنگامی موسمی صورتِ حال کے پیشِ نظر تمام متعلقہ ادارے ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کے لیے تیار ہیں۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران شہریوں کی مشکلات کم کرنے اور رابطہ سڑکوں و پلوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات یقینی بنائے جائیں۔








