3 رَبيع الثاني / September 14

اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے وزیرِ اعظم کی جانب سے پیٹرولیم ریلیف کے لیے شروع کیے گئے پروگرام کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اس اسکیم کے تحت مستحق افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزراء عطا تارڑ اور علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شزا فاطمہ خواجہ نے بتایا کہ فیول ریلیف اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، تھری ویلر اور 800 سی سی تک کی گاڑی رکھنے والے افراد کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل کے لیے ماہانہ 20 لیٹر پیٹرول پر ریلیف دیا جائے گا، جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے 30 لیٹر پیٹرول پر سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

شزا فاطمہ خواجہ کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ٹارگٹڈ ریلیف پروگرام شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد کم آمدنی والے اور مستحق افراد کو مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔

حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ اسکیم کے ذریعے اہل شہریوں کو پیٹرول کے اخراجات میں ریلیف فراہم کیا جائے گا، جبکہ پروگرام کے طریقہ کار اور استفادہ کرنے کے حوالے سے مزید تفصیلات بھی فراہم کی جائیں گی۔