119
حکومت فی لیٹر پیٹرول پر 85 روپے لیوی وصول کر رہی ہے: ترجمان جماعت اسلامی
جماعت اسلامی کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی حکومت فی لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 85 روپے لیوی وصول کر رہی ہے، جس میں 80 روپے پیٹرولیم لیوی جبکہ 5 روپے کاربن لیوی شامل ہیں۔ ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق یہ رقم وفاقی حکومت کو حاصل ہوتی ہے اور پیٹرول کی قیمت…
جماعت اسلامی کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی حکومت فی لیٹر پیٹرول پر مجموعی طور پر 85 روپے لیوی وصول کر رہی ہے، جس میں 80 روپے پیٹرولیم لیوی جبکہ 5 روپے کاربن لیوی شامل ہیں۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق یہ رقم وفاقی حکومت کو حاصل ہوتی ہے اور پیٹرول کی قیمت میں بطور لیوی شامل کی جاتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ شہباز شریف حکومت گزشتہ ڈھائی سال کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں 3 ہزار 137 ارب روپے وصول کر چکی ہے، جبکہ صرف گزشتہ مالی سال میں حکومت نے 1 ہزار 567 ارب روپے پیٹرولیم لیوی کی صورت میں وصول کیے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ مالی سال میں حاصل ہونے والی لیوی مقررہ ہدف سے 99 ارب روپے زیادہ تھی، جبکہ رواں مالی سال کے لیے پیٹرولیم لیوی کا ہدف 1 ہزار 676 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔
جماعت اسلامی کے ترجمان نے مزید دعویٰ کیا کہ حکومت 2010ء سے اب تک پاکستانی شہریوں سے تقریباً ساڑھے 8 ہزار ارب روپے لیوی ٹیکس وصول کر چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے دوران جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے 6 متبادل تجاویز بھی پیش کی ہیں۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم لیوی اور اس کی شرح کے حوالے سے جماعت اسلامی کی جانب سے بیان کردہ اعداد و شمار ان کے مؤقف پر مبنی ہیں۔








